News details

محمد حفیظ کو لاہور قلندرز کی قیادت مل گئی

پی ایس ایل کے سیزن 4 میں آل راؤنڈر محمد حفیظ ٹیم لاہور قلندرز کی قیادت کریں گے۔

11-Dec-2018

پی ایس ایل کے سیزن 4 میں آل راؤنڈر محمد حفیظ ٹیم لاہور قلندرز کی قیادت کریں گے۔

لاہور قلندرز فرنچائز کے مالک فواد رانا کے ساتھ پریس کانفرس کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ لاہور قلندرز کی قیادت میرے لیے چیلنج ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے زیادہ میچز پاکستان میں ہونے کی وجہ سے خوش ہوں اور لاہور قلندرز کی کوشش ہے کہ سب غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں۔

محمد حفیظ نے لاہور قلندرز کے تھنک ٹینک کو ٹیم کا اچھا کومبی نیشن بنانے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ پی ایس ایل کی تمام ٹیمیں متوازن لگ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی پرفارمنس پر بات نہیں کروں گا بلکہ مستقبل کی پرفارمنس پر نظر ہوگی، لاہور قلندرز کے پاس چیمپئن بننے کے لئے تمام کھلاڑی موجود ہیں۔

حفیظنے کہا کہ لاہور قلندرز نے ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو امید دلائی اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے ٹیلنٹ کو سامنے لا رہے ہیں۔

محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بتایا کہ ٹیسٹ میچز عزت اور کامیابی کے ساتھ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سے ریٹائرمنٹ کا ٹائم فریم ابھی نہیں دے سکتا۔

پریس کانفرس کے دوران فواد رانا کا بھی کہنا تھا کہ فرنچائز کے ماڈل پر ہمیشہ بات چیت چلتی رہتی ہے، میں پُرامید ہوں کہ پی ایس ایل مزید اچھا برانڈ بنے گا۔

واضح رہے کہ محمد حفیظ سے قبل لاہور قلندرز کی قیادت نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان برینڈن میکولم کے پاس تھی۔

 

By ویب ڈیسک
https://jang.com.pk/news/585149-hafeez-to-get-lahore-qalanders-captaincy

 

#LahoreQalandars