News details

پاکستان سپر لیگ فورمین میں محمدحفیظ لاہور قلندرز کی قیادت کرینگے

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے سیزن 4 میں آل راؤنڈر محمد حفیظ لاہور قلندرز ٹیم کی قیادت کریں گے۔

11-Dec-2018

لاہور(سپورٹس ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے سیزن 4 میں آل راؤنڈر محمد حفیظ لاہور قلندرز ٹیم کی قیادت کریں گے۔ لاہور قلندرز فرنچائز کے مالک فواد رانا کے ساتھ محمد حفیظ نے پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور قلندرز کی قیادت میرے لیے چیلنج ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے زیادہ میچز پاکستان میں ہونے کی وجہ سے خوش ہوں اور لاہور قلندرز کی کوشش ہے کہ سب غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی پرفارمنس پر بات نہیں کروں گا بلکہ مستقبل کی پرفارمنس پر نظر ہوگی، لاہور قلندرز کے پاس چیمپیئن بننے کے لئے تمام کھلاڑی موجود ہیں۔محمد حفیظ نے لاہور قلندرز کے تھنک ٹینک کو ٹیم کا اچھا کومبینیشن بنانے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ پی ایس ایل کی تمام ٹیمیں متوازن لگ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو امید دلائی اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے ٹیلنٹ کو سامنے لا رہے ہیں۔محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بتایا کہ ٹیسٹ میچز عزت اور کامیابی کے ساتھ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ کا ٹائم فریم ابھی نہیں دے سکتا۔پریس کانفرس کے دوران فواد رانا کا بھی کہنا تھا کہ فرنچائز کے ماڈل پر ہمیشہ بات چیت چلتی رہتی ہے، میں پْرامید ہوں کہ پی ایس ایل مزید اچھا برانڈ بنے گا۔واضح رہے کہ محمد حفیظ سے قبل لاہور قلندرز کی قیادت نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان برینڈن میکولم کے پاس تھی۔

by سپورٹس ڈیسک
https://www.nawaiwaqt.com.pk/10-Dec-2018/953664

#LahoreQalandars